اسٹاک ایکسچینج : انویسٹرز کیلئے نیا ٹول، قیمت پر مبنی انڈیکس لانیکا اعلان
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے مارکیٹ میں شفافیت بڑھانے ،سرمایہ کاروں کو بہتر رہنمائی فراہم کرنے اور ڈیٹا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا مالیاتی انڈیکیٹر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ نیا انڈیکس KSE-100 پرائس ریٹرن انڈیکس کے نام سے جانا جائے گا اور اسے 30 جون 2025 سے PSX کے تمام پلیٹ فارمز پر فعال کر دیا جائے گا، اس انڈیکس کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ میں شامل کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلی کو ٹریک کیا جائے گا،تاہم اس میں کمپنیوں کی جانب سے ادا کیے جانے والے ڈیویڈنڈز (منافع)کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ اس کا مقصد صرف اور صرف اسٹاک کی قیمت کی کارکردگی کو ظاہر کرنا ہے ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کے مطابق یہ انڈیکس خاص طور پر ٹریڈرز اور انویسٹرز کے لیے معاون ہوگا کیونکہ یہ مارکیٹ کی قیمت پر مبنی سمت کی درست نمائندگی کرے گا، جس سے سرمایہ کاری کی بہتر حکمت عملی ترتیب دینے میں آسانی ہوگی۔انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ پرائس ریٹرن انڈیکس سرمایہ کاروں کو یہ جاننے میں مدد دے گا کہ کسی مخصوص اسٹاک کی ویلیو وقت کے ساتھ کیسے تبدیل ہوئی اور وہ منافع سے ہٹ کر مارکیٹ کی خالص قیمت کے اتار چڑھاؤ کو بھی سمجھ سکیں گے۔