پاکستانی مچھلی کی عالمی منڈی میں مانگ بڑھنے کا امکان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ ماہی گیری کے شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں پاکستانی مچھلی کی قیمت کئی گنا بڑھ جائے گی، جب کہ عالمی منڈی میں ٹونا کی مانگ میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے ملک میں ماہی گیری کے شعبے میں جامع اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے پاکستانی مچھلی، خاص طور پر ٹونا، کی بین الاقوامی منڈی میں قیمت اور مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیری میں نقصان دہ اور غیرقانونی طریقوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور کورنگی فش ہاربر کی مکمل بحالی کے ساتھ ساتھ وہاں نئی سہولیات کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ فیس اصلاحات کی بدولت قومی آمدنی 25 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے ۔جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان اب عالمی سطح پر ٹونا گورننس میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور ٹونا انڈسٹری سے 20 کروڑ ڈالر کی آمدنی کی توقع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو عالمی اداروں سے ٹونا کوٹہ الاٹمنٹ میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس کے بعد عالمی خریداروں کی جانب سے پاکستانی ٹونا کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات نہ صرف ملکی برآمدات بڑھانے کا ذریعہ بنیں گے بلکہ ماہی گیر طبقے کے روزگار، فلاح اور ساحلی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔