توانائی پالیسی نے صنعتوں کیلئے زمین تنگ کردی ،میاں زاہد
کراچی(این این آئی)چیئرمین نیشنل بزنس گروپ میاں زاہد حسین نے کہا کہ موجودہ توانائی پالیسی اورٹیکس اقدامات نے ملکی صنعتوں کیلئے زمین تنگ کردی ہے ۔
یہ پالیسیاں ترقی کا ذریعہ بننے کے بجائے معیشت کیلئے زہرثابت ہورہی ہیں جس کے نتیجے میں بہت سی صنعتوں کا چلنا محال ہوگیا ہے ، ارباب اختیاربجٹ اقدامات پرغور کریں اور توانائی پالیسیوں کوملکی حالات اورمفادات کے مطابق ڈھالیں۔ کاروباری برادری سے بات چیت کرتے انہوں نے ہوئے کہا کہ فرنس آئل پرعائد پٹرولیم لیوی اورکلائمٹ سپورٹ لیوی کے بعد اسکی کل مالیت کا 60 فیصد ٹیکسز پرمشتمل ہو گیا ہے جو حیران کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے دوران صنعتوں نے کیپٹو جنریشن کے ذریعے خود بجلی پیدا کرکے زندہ رہنے کی کوشش کی، کچھ نے گیس اورکچھ نے فرنس آئل استعمال کیا۔ مگرحکومت نے آئی پی پی منصوبے لگا کراضافی بجلی پیدا کی اورصنعتوں کومہنگی بجلی خریدنے پرمجبورکردیا ہے۔