تربیتی مراکز کا قیام وقت کی اہم ضرورت، رانا وحید
کراچی(بزنس ڈیسک)آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن سندھ چیپٹر کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فرنیچر شعبے میں تربیتی مراکز کے قیام پر تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت صنعتکار اور ایسوسی ایشن کے روح رواں رانا وحید نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں فرنیچر انڈسٹری کی ترقی اور ہنر مند افراد کی تیاری کیلئے خصوصی تربیتی مراکز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ رانا وحید نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ذاتی طور پر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ 37 اے اور بی جیسے قوانین کو وہ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ فرنیچر انڈسٹری سمیت دیگر چھوٹے کاروباروں کے لیے نقصان دہ ہیں۔اس موقع پر آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن سندھ چیپٹر کے لیے نئی قیادت نے حلف بھی اٹھایا۔ مدثر ملک، را سایہ اور راحیل ہارون نے سندھ چیپٹر کے عہدوں کا حلف لیا اور یقین دلایا کہ وہ انڈسٹری کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔