اسٹاک ایکسچینج میں440پوائنٹس کی تیزی،12ارب منافع
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج منفی زون سے نکل کر مثبت زون میں داخل ہوگئی۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انڈیکس نے کم بیک کرکے بہتری دکھائی۔
اسٹاک ٹریڈنگ کا آغاز742پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 36 ہزار 169 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا لیکن کچھ ہی لمحوں بعد انڈیکس پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے مندی کا شکار ہوگیا اور 1 لاکھ 36 ہزار کی نفسیاتی حد کھو بیٹھا۔ دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 396 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 35 ہزار 542 پوائنٹس کی یومیہ کم ترین سطح پر ٹریڈ ہوا ،مگر فرٹیلائزر ، بینکنگ ، فارما ، سیمنٹ سیکٹر کی بہتر کارکردگی سے 100 انڈیکس ریڈ زون سے نکل کر 1 ہزار 292 پوائنٹس کی تیزی سے 1لاکھ 37 ہزار 232 پوائنٹس کی یومیہ بلند ترین نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا،اسی تناظر میں 100 انڈیکس کی جاری تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 440 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 36 ہزار 379 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 172.54 پوائنٹس بڑھ 41546 پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 47.9 پوائنٹس بڑھ کر 84648.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔اس دوران سرمایہ کارووں کو 12ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 16ہزار 413 ارب روپے ہوگیا۔