19جولائی کو کاروبار معطل رہیگا، فروٹ منڈی ایسوسی ایشن
کراچی(بزنس رپورٹر) ایف بی آر کو اضافی اختیارات دیے جانے پر ملک بھر کی بزنس کمیونٹی سراپا احتجاج ہے۔
19 جولائی کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی حمایت میں جوق در جوق تجارتی تنظیمیں اورچیمبرز شامل ہورہے ہیں۔ اسی ضمن میں ملک کی سب سے بڑی ہول سیل سبزی اور فروٹ منڈی نے بھی 19 جولائی کو کاروبار مکمل طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ یہ فیصلہ کراچی چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا گیا، اسی تناظر میں سینئر رہنماکراچی فروٹ منڈی ایسوسی ایشن حاجی محبوب شیر خان نے دنیا نیوز کو بتایا کہ 19 جولائی کو تجارتی سرگرمیاں ایک روز کیلئے معطل ہوں گی تاہم اگلے احتجاج کیلئے کراچی چیمبر کی رہنمائی درکار ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے جا ٹیکسز اور ہراساں کرنے سے کاروبار بھی متاثر ہوگا اور مہنگائی کا نیا طوفان بھی برپا ہوگا ،تاجر برادری ٹیکس دینے میں عارمحسوس نہیں کرتی تاہم بلاعذر کی سختی سے تاجر برادری اور ایف بی آر کے مابین دوریاں پیدا ہوگئی ہیں جو معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہیں۔