ایکسپو اوساکا میں خیبرپختونخوا کے سرمایہ کاری مواقع پر سیمینار
کراچی(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکے اشتراک سے پاک جاپان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس کا کامیاب انعقادورلڈ ایکسپو اوساکا میں کیا ۔۔
سیمینار کو بین الاقوامی کاروباری برادری، بالخصوص جاپانی تاجروں، سفارت کاروں، سرمایہ کاروں اور ایکسپوکے عمومی شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔یہ کانفرنس خیبرپختونخوا کی معاشی صلاحیت، سیاحتی کشش اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کرنے کیلئے ایک مؤثر بین الاقوامی پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین حسن مسعود کنور نے کہا کہ معاشی ترقی، صنعت کاری اور علاقائی روابط کے نئے وژن کے ساتھ خیبرپختونخوا غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے ، جہاں توانائی، معدنیات، سیاحت، زراعت اور صنعتی پیداوار جیسے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کے سفیر برائے جاپان و سیکشن کمشنر جنرل برائے ا یکسپو25عبد الحمید نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں اقتصادی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل پائیدار شراکت داریوں میں پنہاں ہے ۔ ہم اپنے جاپانی دوستوں کو خیبرپختونخوا کے بیش قیمت سرمایہ کاری مواقع دریافت کرنے کی دعوت دیتے ہیں، خصوصاً معدنی وسائل کے شعبے میں جو بے پناہ امکانات کا حامل ہے۔