پاکستان، بنگلہ دیش کے معاشی تعلقات میں مضبوطی ضروری، محبوب عالم

 پاکستان، بنگلہ دیش کے معاشی تعلقات میں مضبوطی ضروری، محبوب عالم

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)کراچی میں تعینات بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب عالم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط اور مستحکم تجارتی و سیاحتی تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں چاول اور زیتون وافر مقدار میں پیدا ہوتے ہیں، جنہیں بنگلہ دیش درآمد کر سکتا ہے ، جبکہ بنگلہ دیش سے چمڑا اور گارمنٹس پاکستان کو برآمد کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں سال سرمایہ کاری کا ہدف ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ایکسپو سینٹر کراچی میں لگنے والی حالیہ نمائش میں بنگلہ دیش کی 200 کمپنیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی جی ڈی پی 467.22 بلین ڈالر اور گارمنٹس انڈسٹری کی سالانہ آمدنی 60 بلین ڈالر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تاجر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان کے فورمز سے فائدہ اٹھائیں۔تعلیمی تبادلوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ہر سال پاکستانی طلبہ کو میڈیکل کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دیتا ہے، جبکہ وہاں کی 120 جامعات میں سیکڑوں پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پریس کلب کے نائب صدر مرتضیٰ کلہوڑو اور خزانچی منصور عباس ابڑو نے مہمانوں کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کر کے خوش آمدید کہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں