گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات میں 1.36 ارب ڈالر کا اضافہ

 گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات میں 1.36 ارب ڈالر کا اضافہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ مالی سال 2023-24 کے دوران پاکستان کی برآمدات میں مجموعی طور پر 1 ارب 36 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملکی برآمدات 4.45 فیصد اضافے کے ساتھ 32 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 7.39 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور ان کا حجم 17.88 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ ریڈی میڈ گارمنٹس، خام کپاس، دھاگے ، نیٹ ویئر، بیڈ ویئر، تولیے اور خیموں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر غذائی اجناس کی برآمدات میں 3.44 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں ان کا حجم 7.11 ارب ڈالر رہا۔ چاول، پھل، سبزیوں، مصالحہ جات اور گوشت کی برآمدات میں کمی جبکہ چینی، مچھلی اور تمباکو کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی برآمد کی گئی جس سے 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات میں 4.84 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم 4.22 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔ ان میں قالین، غالیچے ، دستانے ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کا سامان شامل ہے ۔ چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات بھی 4.87 فیصد اضافے سے 57 کروڑ 25 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جن میں لیدر گارمنٹس، دستانے اور جوتے شامل ہیں۔ادویات کی برآمدات میں 34 فیصد کا شاندار اضافہ ہوا اور ان کا حجم 45 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تک پہنچا۔ پیٹرولیم مصنوعات اور کوئلے کی برآمدات میں 44 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا مجموعی حجم 57 کروڑ 33 لاکھ ڈالر رہا۔ علاوہ ازیں سرجیکل آلات، پلاسٹک، سیمنٹ، جیولری اور ربڑ کی مصنوعات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، تاہم، فرنیچر اور الیکٹرک پنکھوں کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں