چیئرمین ضلع کونسل سکھر کی دبئی میں تجارتی راہداری کی تجویز
سکھر(بیورو رپورٹ)چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر البخیت عتیق الرُمیثی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سید کمیل حیدر شاہ نے قونصل جنرل کو تجویز دی کہ سکھر کے تاجروں کے لیے دبئی میں تجارتی راہداری (Trade Corridor) قائم کی جائے، تاکہ مقامی تاجروں کو عالمی منڈیوں تک براہِ راست رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سکھر کے تاجروں کو بین الاقوامی کاروباری مواقع میسر آئیں گے ،جس سے نہ صرف خطے کی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ پاکستان اور یو اے ای کے تجارتی تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ سکھر کے تاجروں کو عالمی سطح پر کاروباری مواقع تک رسائی دینا وقت کی ضرورت ہے ،جس کے ذریعے مقامی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو عملی تجارتی تعاون میں بدلنے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر البخیت عتیق الرُمیثی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو سراہتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل سکھر کی تجاویز کو خوش آئند قرار دیا اور باہمی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔