کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 24کروڑ 50لاکھ ڈالر ریکارڈ
کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیے جن کے مطابق اگست 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 24 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔۔۔
یہ خسارہ گزشتہ ماہ جولائی 2025 کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے ، جب خسارہ 37 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا تھا،یوں ماہانہ بنیاد پر خسارے میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال اگست 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ محض 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔مالی سال 2025-26 کے ابتدائی دو ماہ یعنی جولائی اور اگست میں مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ کر 62 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا جو گزشتہ مالی سال کے انہی دو ماہ کے دوران خسارہ 43 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یوں سالانہ بنیاد پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ ماہانہ بنیاد پر خسارے میں کمی خوش آئند ہے تاہم مجموعی سطح پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا بڑھتا ہوا حجم معیشت کے لیے تشویش ناک ہے ۔