قالین صنعت کو کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے ، اعجاز الرحمان
حکومتی سرپرستی صنعت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرسکتی ،اجلاس سے خطاب
لاہور (آن لائن)چیئر مین کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اعجاز الرحمان نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مشکلات اور برآمدات میں تنزلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی ، پالیسی اقدامات اور مستقبل کے حوالے سے ٹھوس لائحہ عمل اس صنعت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے اور برآمدات کو عروج پر لے جانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینو فیکچررزوبرآمد کنندگان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمان نے کہا کہ جب تک مسائل کی تشخیص نہیں ہو گی ان کا حل بھی ممکن نہیں ،ماضی میں برآمدات کے بڑے حجم کی وجہ سے دنیا میں پہچان رکھنے والی اس صنعت کو درپیش زوال پر سنجیدگی سے غور کرنے اور اس کے مستقبل کے لائحہ عمل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ دیگر ممالک میں یہ صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جبکہ اس کے برعکس پاکستان میں اس صنعت کو کئی طرح کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن میں سب سے نمایاں حکومت کی سرپرستی کا میسر نہ آنا اور اندرونی مسائل ہیں جن میں دیہی علاقوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی سر فہرست ہے۔