اسلام آباد میں پہلے کیش لیس بازار کا افتتاح کردیا گیا
زندگی عوامی و نجی شراکت داری کو فروغ دینے میں پیش پیش ہے، نعمان اظہر
اسلام آباد (بزنس ڈیسک) وزیر اعظم اور اسٹیٹ بینک کے کیش لیس معیشت کے وژن سے تحریک حاصل کرتے ہوئے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے )نے جے ایس بینک کے زیر انتظام نگرانی کام کرنے والے ادارے ، زندگی کے اشتراک سے ، اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 9، سنڈے مارکیٹ میں پاکستان کے پہلے کیش لیس بازار کا افتتاح کیا۔چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد علی رندھاوا نے ، چیف آفیسر، زندگی نعمان اظہر ،چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن، ایم سی آئی، ڈاکٹر انعم فاطمہ ،ممبر فنانس، سی ڈی اے طاہر نعیم، چیف منیجر، اسٹیٹ بینک، اسلام آبادعدنان عمران اورہیڈ آف مرچنٹس اینڈ ریٹیل سیلز، محسن خان سمیت دیگر سرکاری حکام کے ہمراہ اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔
یہ اقدام صارفین اور تاجروں دونوں کو اس بات کی سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ زندِگی پی ٹو ایم مرچنٹس کے راست کیو آر کوڈز کے ذریعے کسی بھی بینکنگ ایپ سے باآسانی ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکیں۔ سی ڈی اے کے چیئرمین اور چیف کمشنر اسلام آباد ،علی رندھاوا نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا کیش لیس پاکستان کا وژن پائیدار معاشی ترقی کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے ۔زندگی کے چیف آفیسرنعمان اظہر نے کہا کہ زندگی عوامی و نجی شراکت داری کو فروغ دینے میں پیش پیش ہے اور ہمارا یقین ہے کہ ہم مل کر ایسا ایکو سسٹم قائم کر سکتے ہیں جو نہ صرف ادائیگیوں میں تبدیلی لائے بلکہ شہریوں کے مالی خدمات سے رابطے کے طریقہ کار کو بھی نئے سرے سے متعین کرے یعنی ایک ایسا نظام جو بغیر رکاوٹ، محفوظ اور حقیقی معنوں میں کیش لیس لین دین فراہم کرے۔