اسٹاک ایکسچینج:مندی،54فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

اسٹاک ایکسچینج:مندی،54فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

556 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس 171404 پر بند 79کروڑ 75لاکھ حصص کے سودے طے ،کاروباری حجم 16فیصد کم رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار ی ہفتے کا اختتام منفی زون میں ہوا،مندی کے سبب 54فیصد حصص کی قیمتیں یکدم گرگئی جب کہ سرمایہ کاروں کے منافع میں 40ارب کم ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 72 ہزار 600 کی حد پار کرگیا۔ پہلے ٹریڈنگ سیشن میں بینچ مارک 100 انڈیکس ٹریڈنگ کا اختتام بھی ریکارڈ سطح سے ہوا ،تاہم دوسرے اور آخری ٹریڈنگ سیشن میں ریکارڈ تیزی کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا اور پرافٹ ٹیکنگ سے انڈیکس کی 1لاکھ 72ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو مزاحمت کا سامنا رہا ۔ شیئرز کی وقفے وقفے سے آف لوڈنگ سے انڈیکس میں اتارچڑھاؤکے بعد مندی رونما ہوئی جس سے ایک موقع پر 811پوائنٹس کی مندی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر مخصوص شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی میں کچھ کمی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 556.16 پوائنٹس کی کمی سے 171404.48پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 143 پوائنٹس کی کمی سے 52413پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 217 پوائنٹس کی کمی سے 103442پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 378پوائنٹس کی کمی سے 244645پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 16فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 79 کروڑ 75لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں