معاون وزیراعظم:صنعتی کارکردگی، برآمدی صلاحیت، مسائل پربریفنگ

معاون وزیراعظم:صنعتی کارکردگی، برآمدی صلاحیت، مسائل پربریفنگ

کراچی (کامرس رپورٹر)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اخترخان نے کراچی میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے نمایاں صنعتی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہیں کارکردگی، برآمدی صلاحیت، درپیش چیلنجز پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ہارون اختر خان نے ٹیکنو آٹو گلاس اور بن قاسم انڈسٹریل پارک میں صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں، جہاں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹو نادیہ جہانگیر سیٹھ نے انہیں آگاہ کیا کہ ایس ایم ای کلسٹرز پاکستان کے مینوفیکچرنگ اور برآمدی شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی صنعتی ڈھانچے کی بنیاد ہیں اور اگر انہیں مؤثر پالیسی سپورٹ اور ہدفی سہولت کاری فراہم کی جائے تو یہ نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں تیزی لا سکتی ہیں بلکہ تجارتی خسارہ کم کرنے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایس ایم ای شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، سمیڈا کی سی ای او نادیہ جہانگیر سیٹھ نے بتایا کہ ایس ایم ای کلسٹرز کی معاونت کیلئے ادارہ مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور مقامی و بین الاقوامی منڈیوں سے روابط مضبوط کرنے پر کام کر رہا ہے ۔ دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے ٹیکنو آٹو گلاس لمیٹڈ، پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ اور عائشہ اسٹیل ملز سمیت تین بڑے صنعتی و آٹو یونٹس کا معائنہ بھی کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں