سعودی عرب کی متبادل سپلائی روٹ سے پاکستان کو تیل فراہمی کی یقین دہانی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے متبادل سپلائی روٹ سے پاکستان کو تیل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی جانب سے متبادل تیل سپلائی روٹ کے طور پر یانبو کی بندرگاہ کے استعمال کی درخواست کی گئی۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے سپلائی کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستان کیلئے خام تیل اٹھانے کیلئے ایک جہاز کو پاکستان سے بندرگاہ یانبو روانہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس وقت میں پاکستان کی حمایت پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں اور امید ہے کہ بندرگاہ یانبو سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیشِ نظر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا، پاکستان اور سعودی عرب آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان عوام کیلئے توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، پاکستان کی بیشتر پٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے اور ان حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ممالک کی حمایت پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔