اضافی زرعی پیداوار ضائع کرنا قومی وسائل کے ضیاع کے مترادف ، شاہد عمران
لاہور(اے پی پی)وفاقی چیمبر کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ فاضل زرعی پیداوار، خصوصا آلو جیسی اہم فصل کو کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔
اس طرح کا نقصان قیمتی قدرتی وسائل اور قومی دولت کے ضیاع کے مترادف ہے ۔ لاہور میں کسانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی معیشت ہے جہاں گندم، چاول، گنا، مکئی، پھل اور سبزیاں بڑی مقدار میں پیدا کی جاتی ہیں، تاہم ناکافی اسٹوریج سہولتیں، کمزور سپلائی چین اور ویلیو ایڈیشن کے فقدان کے باعث ہر سال اضافی پیداوار کا بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے ۔