انجمن تاجران کا چھوٹے تاجروں کیلئے رعایتی پیکیج کا مطالبہ
لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی میں کامیاب ہو چکی ہے ،
اب معیشت میں حصہ ڈالنے والے شعبوں خصوصاً چھوٹے تاجروں کو ریلیف دیاجائے ، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے تاجروں کے لئے ٹیکسز اور یوٹیلیٹی بلز میں رعایتی پیکیج متعارف کرایا جانا چاہیے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود تاجرنہ صرف مختلف ٹیکسز کی ادائیگی کی صورت میں حکومت کا بھرپورساتھ دے رہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ روزگار کی فراہمی کا بھی بڑا ذریعہ ہیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ بڑے شعبوں کے لئے تو کئی طرح کے مراعاتی پیکیج دئیے جاتے ہیں ،انہیں ٹیکسز ،بجلی اور گیس کے بلوں میں رعایت دی جاتی ہے لیکن چھوٹے تاجروں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم پر امید ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس سلسلے میں اقدامات کی ہدایات دیں گے اورچھوٹے تاجروں کے لئے بھی ریلیف کا اعلان کیا جائے گا۔