سیلانی کے گزشتہ سال 16 ارب 20 کروڑ کے خیراتی کام
تعلیم،روزگار،علاج اہداف، چلڈرن اسپتال 4سال میں تعمیر ہوگا، مولانا بشیر بیرون ممالک بھی فلاحی کام جاری، خواہش ہے کوئی بچہ ناخواندہ نہ رہے ، خطاب
کراچی (کامرس رپورٹر)سیلانی ویلفیئر کی جانب سے سال 2025 میں 16 ارب 20 کروڑ روپے کی خیراتی کام کیے گئے ،بچوں کے لیے چلڈرن اسپتال 4 سال میں تعمیر کیا جائے گا،تعلیم،روزگار،علاج سیلانی کے اہداف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سیلانی ویلفیئر کے بانی چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے آباد ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین آباد محمد حسن بخشی،وائس چیئرمین طارق عزیز، چیئرمین سدرن احمد اویس تھانوی اور آباد ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مولانا بشیر فاروقی نے بتایا کہ سیلانی بیرون ممالک بھی فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔
پہلا ہدف ہے پاکستان میں کوئی بچہ ناخواندہ نہ رہے، دوسرا ہدف بے روزگاری کا خاتمہ اور تیسرا ہدف یہ ہے کہ کوئی شہری علاج سے محروم نہ ہو۔ انھوں نے کراچی میں جدید ترین 12 منزلہ چائلڈ اسپتال کی تعمیر کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اسپتال4 سال میں مکمل ہوگا اور ایک منزل کی تعمیر پر 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر چیئرمین آباد کے چیئرمیں محمد حسن بخشی نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہر صاحبِ حیثیت فرد کو فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے کیونکہ کراچی اور ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، حسن بخشی نے کہا کہ بھارت میں بین الاقوامی کمپنیاں 17، 17ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں، پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کرنی ہوں گی۔