بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری ملکی معیشت کیلئے حوصلہ افزا
پیداوار سالانہ بنیاد پر 0.4 فیصد، دسمبر میں نمایاں 9.3 فیصد بڑھی، ادارہ شماریات آٹو فنانسنگ میں بہتری اور صارفین کے اعتماد کی بحالی اضافے کا سبب بنی، ماہرین
کراچی(محمد حمزہ گیلانی)ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارے سامنے آنے لگے ہیں جہاں بڑے صنعتی شعبے کی کارکردگی میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے ادارہ شماریات کے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار سالانہ بنیادوں پر 0.4 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر نمایاں 9.3 فیصد بڑھ گئی جو صنعتی سرگرمیوں میں بحالی کی علامت قرار دی جارہی ہے ۔ ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2026ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی ترقی 5 فیصد سالانہ ریکارڈ کی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صنعتی شعبہ معیشت کو سہارا دینے لگا ہے بہتر طلب، نسبتاً مستحکم شرح سود اور درآمدی خام مال کی دستیابی نے اس بہتری میں اہم کردار ادا کیااعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں سب سے نمایاں کارکردگی آٹو سیکٹر نے دکھائی جہاں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصد اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق آٹو فنانسنگ میں بہتری اور صارفین کے اعتماد کی بحالی اس اضافے کا سبب بنی، اسی طرح ریڈی میڈ گارمنٹس کے شعبے میں 9 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو برآمدی طلب میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے ۔ دوسری جانب سیمنٹ کی پیداوار میں 3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹیکسٹائل اور نان میٹالک منرلز سمیت معدنی شعبوں میں تقریباً 2 فیصد سالانہ ترقی دیکھنے میں آئی۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو صنعتی شعبہ نہ صرف مجموعی قومی پیداوارکی شرح نمو میں بہتری کا باعث بنے گا بلکہ روزگار اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ معاشی حلقوں کے مطابق توانائی کی مسلسل فراہمی، پالیسی استحکام اور برآمدی مارکیٹس تک رسائی آئندہ مہینوں میں صنعتی ترقی کے تسلسل کے لیے کلیدی عوامل ثابت ہوں گے۔