ٹریڈ آرگنائزیشن رولز میں ترمیم پر تاجر برادری میں تشویش
درجنوں چیمبرز بند ہونیکا خدشہ،چھوٹے کاروبار تباہ ہو جائینگے ،ایس ایم تنویر
کراچی(بزنس رپورٹر)ملک کے تجارتی حلقوں میں اس وقت بے چینی کی فضا پائی جا رہی ہے جہاں قومی اسمبلی میں ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 میں ترمیم سے متعلق پیش کیے گئے بل نے کاروباری برادری کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔ ایس ایم تنویر لیڈر ایف پی سی سی آئی اور سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)، نے اس مجوزہ ترمیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ قانون میں کسی بھی غیر متوازن تبدیلی کے نتیجے میں ملک بھر میں درجنوں نمائندہ تجارتی ادارے بند ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یو بی جی سندھ کے ریجنل چیئرمین خالد تواب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجوزہ قانون کے تحت تجارتی اداروں کو صرف میونسپل سٹی کی حدود تک محدود کر دیا گیا تو صنعتی اسٹیٹس، تحصیل سطح کے ایس ایم ای کلسٹرز اور دیہی علاقوں میں قائم برآمدی یونٹس مؤثر نمائندگی سے محروم ہو جائیں گے ۔ان کے مطابق یہ اقدام بالخصوص خواتین کاروباری شخصیات اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے شدید دھچکے کا باعث بنے گا۔