جے ایس بینک کی مجموعی آمدنی 40.313 ارب تک جاپہنچی
خالص منافع 2.79ارب رہا، اثاثے 655.64ارب ریکارڈ کئے گئے
کراچی(بزنس ڈیسک)جے ایس بینک لمیٹڈ(جے ایس بی ایل)نے 31 دسمبر2025ء کو ختم ہونے والے مالی سال کیلئے نتائج کا اعلان کر دیا ۔ اس اعلان کے مطابق بینک کی مجموعی آمدنی بڑھ کر 40.313 ارب روپے تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی حاصل کردہ آمدنی یعنی 38.644 ارب روپے کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے ۔بینک نے اس مالی سال 2025 کے دوران 6.191 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا جبکہ گزشتہ سال یہ منافع 6.366 ارب روپے تھا۔ کم شرحِ سود کے باوجود بینک کی خالص سودی آمدنی سال بہ سال کی بنیاد پرتقریباً مستحکم رہی اور 27.149 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بلا سودی آمدنی میں 17 فیصد اضافہ ہوا اور یہ آمدنی بڑھ کر 13.164 ارب روپے تک پہنچ گئی۔اس کے نتیجے میں مالی سال 2025ء کیلئے بینک کی فی حصص آمدنی 1.36 روپے رہی، جبکہ مالی سال 2024ء میں یہ آمدنی 1.39 روپے تھی۔ بینک کا بعد از ٹیکس منافع 2.79 ارب روپے رہا، جو مضبوط مالی کارکردگی اور مسلسل آپریشنل بہتری کی عکاسی کرتا ہے ۔بینک کے مجموعی اثاثے 655.64 ارب تک پہنچ گئے ۔بینک کے ڈپازٹس میں بھی مزید بہتری آئی اور بلا سود ڈپازٹس دسمبر، 2024ء میں 198.41 ارب روپے سے بڑھ کر 222.12 ارب روپے تک پہنچ گئے ، جس سے بلا سود ڈپازٹس کا تناسب گزشتہ سال کے 38 فیصد کے مقابلے میں 41 فیصد ہو گیا۔ جے ایس بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر باصر شمسی نے کہا کہ مالی سال2025ء کے دوران بینک نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کے لیے طویل مدتی قدر کی تخلیق پر توجہ مرکوز رکھی، اورصارفین ہماری حکمتِ عملی کا مرکز رہے۔