جنوری:ترسیلاتِ زر، اسٹاک مارکیٹ نے معیشت کو سنبھال لیا

جنوری:ترسیلاتِ زر، اسٹاک مارکیٹ نے معیشت کو سنبھال لیا

درآمدات بڑھنے ، سرمایہ کاری میں کمی کے باوجود ذخائر 16ارب ڈالر سے متجاوز آئی ٹی برآمدات، گاڑیوں کی فروخت میں بہتری، ٹریکٹر انڈسٹری میں مندی رہی

کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی )ملک کے بڑے مالیاتی و ریگولیٹری ادارے جیسے کہ اسٹیٹ بینک ،ادارہ شماریات، نیپرا ، آئل کمپنیز ایڈوائزری کاؤنسل، سیمنٹ مینوفیکچرز ایسوی ایشن ، پاما ، این ایف ڈی سی سمیت دیگر اہم اداروں نے جنوری 2026ء کے معاشی اعداد و شمار جاری کر دیے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرونی سرمائے کے انخلاء، بڑھتی درآمدات اور حکومتی قرضوں کے دباؤ کے باوجود ترسیلات زر اور سرمایہ مارکیٹ کی غیر معمولی کارکردگی نے معیشت کو سہارا دیا۔ مالیاتی اداروں کی جامع رپورٹ کے مطابق جنوری 2026ء میں درآمدات سالانہ 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ 6 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، اس کے برعکس برآمدات 1.3 فیصد کمی سے 3 ارب 60کروڑ ڈالر رہیں۔

تاہم بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 15.4 فیصد نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ حجم 3 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جس نے بیرونی کھاتے کو سہارا دیا،نتیجتاً کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکل کر جنوری 2026ء میں 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سرپلس میں آ گیا۔ بیرونی سرمایہ کاری کے محاذ پر صورتحال تشویشناک رہی۔ براہ راست خالص غیر ملکی سرمایہ کاری ایک سال میں 26.5 فیصد کم ہو گئی،اس کے باوجود زرمبادلہ ذخائر میں 41.5 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا اور مجموعی ذخائر 16 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک انڈیکس سالانہ61 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 84 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا، جسے سرمایہ کار اعتماد کی بحالی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے ۔

نجی شعبے کے قرضوں میں بھی 7 فیصد اضافہ ہوا اورحجم 10 کھرب 60 ارب روپے تک پہنچ گیا۔پاما کے مطابق گاڑیوں کی فروخت 35فیصد اضافے سے 23 ہزار 55 یونٹس رہی، جبکہ سیمنٹ کی فروخت 12.5 فیصد بہتری کے ساتھ 45 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ آئی ٹی برآمدات میں 19.5 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوااور یہ 38 کروڑ ڈالر رہیں، جو خدمات کے شعبے کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے ۔دوسری جانب کھاد کی فروخت 51 فیصد کمی سے 2 لاکھ 18 ہزار ٹن اور ٹریکٹرز کی فروخت 9.3 فیصد کمی سے 2 ہزار 505 یونٹس رہی۔بڑی صنعتوں کی پیداوار میں معمولی 0.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں