تاریخی گراوٹ پر اسٹاک مارکیٹ انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی گراوٹ کے بعد مالیاتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جس پر اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ نے غیرمعمولی اور ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور سودوں کی بروقت تکمیل کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کرائسز مینجمنٹ سیل کے تحت منعقد ہونے والی اس اہم میٹنگ میں ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم کا خصوصی جائزہ لیا گیا تاکہ حالیہ شدید مندی کے دوران لین دین کے نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا ڈیفالٹ رسک سے بچا جاسکے ۔حکام نے اس بات کا جائزہ لیا کہ سودوں کی بروقت کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ کو کس طرح یقینی بنایا جائے تاکہ مارکیٹ میں لیکوڈٹی برقرار رہے ۔اجلاس میں اسٹاک مارکیٹ مینجمنٹ،سینٹرل ڈپازٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
متعلقہ اداروں نے مارکیٹ کے آپریشنل پہلوؤں، مارجن کالز، رسک مینجمنٹ پیرامیٹرز اور کیپٹل ایڈی کویسی کی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ کاروباری دن کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس میں 16 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جسے حالیہ تاریخ کی بڑی انٹرا ڈے گراوٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ موجودہ حالات میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو کیسے بحال کیا جائے ۔ مالیاتی اداروں کے سربراہان نے تجویز دی کہ مارکیٹ میں شفاف معلومات کی فراہمی، ریگولیٹری رابطے میں تیزی اور رسک مینجمنٹ فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے ۔