ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کرینگے، ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کر دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان 23 جون 2026 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ صدر مسعود پزشکیان اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرِ اعظم پاکستان کے ساتھ باضابطہ مذاکرات بھی ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیرِ اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان بطور صدر یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا، دورے کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
تجارت، توانائی، بارڈر سکیورٹی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران کی قیادت باہمی تعاون کے نئے مواقع پر غور کرے گی، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد جاری سفارتی روابط پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق علاقائی اور بین الاقوامی اہم امور پر پاکستان اور ایران مشاورت کریں گے، پاکستان اور ایران خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
ترجمان کے مطابق ایرانی صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے، بارڈر سکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔