برطانوی جہاز سے ریسکیو کیے گئے 8 ایرانی ماہی گیر واپس روانہ کر دیے: اسحاق ڈار
اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برطانوی جہاز MMA Valour کی جانب سے سمندر میں ریسکیو کیے گئے 8 ایرانی ماہی گیر کامیابی کے ساتھ اپنے وطن واپس روانہ کر دیے گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ ماہی گیروں کی کشتی حادثے کا شکار ہوئی تھی تاہم وہ آج صبح کراچی سے ایران روانہ ہوئے۔
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) June 22, 2026
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے ایرانی اور برطانوی حکام کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے ذریعے ان ایرانی شہریوں کی محفوظ آمدورفت اور جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے لیے اعتماد کرنے پر ایران، بالخصوص عباس عراقچی کے شکر گزار ہے، جبکہ تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون کو بھی سراہتا ہے جن کی مشترکہ کوششوں سے ماہی گیروں کی محفوظ وطن واپسی ممکن ہوئی۔