سوئٹزرلینڈ مذاکرات نتیجہ خیز رہے، ایران کے منجمد فنڈز فی الحال بحال نہیں ہوں گے: جے ڈی وینس
جنیوا: (دنیا نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایران سے متعلق بات چیت نتیجہ خیز رہی ہے اور امریکا اس عمل کو آگے بڑھاتا رہے گا۔
سوئٹزرلینڈ سے امریکا روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کے منجمد فنڈز اس وقت تک بحال نہیں کیے جائیں گے جب تک بعض اہم مسائل کا حل نہیں نکل آتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایسے طریقہ کار کی درخواست کی ہے جس سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایران کے منجمد فنڈز کا غلط استعمال نہ ہو۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو رسائی دینا ہوگی، جبکہ آئی اے ای اے کے انسپکٹرز کی جانب سے معائنہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کا ایک اہم حصہ ہوگا۔
دوسری جانب امریکا نے ایران سے متعلق ابتدائی معاہدے پر خلیجی ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔ مارکو روبیو بحرین میں خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں امریکا اور خلیجی ممالک کے درمیان خطے کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مارکو روبیو کی خلیجی قیادت سے ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے اور علاقائی سلامتی سے متعلق اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔