حکومت کا فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی سٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں موٹرسائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے فیول سبسڈی پروگرام کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی کو بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کر دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے وزیراعظم کی منظوری سے فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے پر اتفاق کیا، اسحاق ڈار نے مستقبل کے فلاحی منصوبوں میں ڈیٹا اور ترسیلی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔
اِسی طرح اجلاس میں پروگرام سے حاصل ہونے والے تجربات کو دستاویزی شکل دینے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خامیوں کی نشاندہی اور اصلاح پر زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ایس اے پی ایم طارق باجوہ، سیکرٹریز پٹرولیم و آئی ٹی، گورنر سٹیٹ بینک، صوبائی نمائندوں، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔