جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، مزید 3 فلسطینی شہید
غزہ: (دنیا نیوز) جنگ بندی کے اعلان کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں نہ رک سکیں، مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے کے دوران امتحان کے لیے جانے والی ایک ننھی فلسطینی طالبہ شہید ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 فلسطینی شہید اور 11 زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 1 ہزار 24 تک پہنچ گئی ہے، اکتوبر سے جاری کشیدگی کے دوران 3 ہزار 260 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے مزید 784 لاشیں نکالی گئی ہیں، جس سے تباہی کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف حملوں میں دو حماس جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی صورتحال کشیدہ ہے جہاں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی کارروائیاں جاری ہیں، رات بھر گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں مزید دو فلسطینی نوجوان بھی اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہو گئے ہیں۔