روس میں عالمی قانونی فورم: پاکستان کے دو چیف جسٹس اور سفیر فیصل نیاز ترمذی شرکت کریں گے
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں 24 سے 26 جون 2026 تک 14واں سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم (SPILF-2026) منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے چیف جسٹس صاحبان، جج، وکلاء، قانونی ماہرین، حکومتی نمائندے اور بین الاقوامی تنظیموں کے وفود شرکت کریں گے۔
فورم کا انعقاد روسی وزارت انصاف اور روسکونگریس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جبکہ یہ روس کے سب سے بڑے اور باوقار بین الاقوامی قانونی اجتماعات میں شمار ہوتا ہے، اس سال فورم کا مرکزی موضوع "قانون کے ساتھ رہنے کا وقت" (Time to Be in Law) رکھا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس فورم میں غیرمعمولی سطح کی نمائندگی ہوگی۔ پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان فورم میں شرکت کریں گے، روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے۔
فورم کے دوران بین الاقوامی قانون، آئینی امور، عدالتی اصلاحات، انسانی حقوق، مصنوعی ذہانت، سائبر قوانین، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، قانونی تعلیم اور عالمی قانونی نظام کو درپیش چیلنجز سمیت متعدد اہم موضوعات پر مباحثے ہوں گے، دنیا بھر سے آنے والے ماہرین ان موضوعات پر اپنے تجربات اور آراء کا تبادلہ کریں گے۔
منتظمین کے مطابق فورم میں 100 سے زائد سیشنز، پینل مباحثے، کانفرنسیں اور خصوصی اجلاس منعقد کیے جائیں گے، اس کے علاوہ 26 جون کو انٹرنیشنل یوتھ لیگل فورم بھی منعقد ہوگا جس میں نوجوان قانونی ماہرین اور قانون کے طلبہ شرکت کریں گے۔
توقع ہے کہ فورم کے موقع پر پاکستانی عدالتی قیادت اور سفارتی حکام روسی حکام اور دیگر ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں قانونی تعاون، عدالتی روابط، قانونی تعلیم اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم 2011 سے مسلسل منعقد کیا جا رہا ہے اور اسے عالمی سطح پر قانونی مکالمے اور عدالتی تعاون کے ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل ہے۔
مبصرین کے مطابق پاکستان کے دو چیف جسٹس کی بیک وقت شرکت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے ادارہ جاتی اور قانونی روابط کی عکاس ہے اور اس سے پاکستان اور روس کے درمیان عدالتی اور قانونی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔