اسٹاک ایکسچینج:مندی،انڈیکس5ہزار405پوائنٹس گرگیا
فروخت کا دباؤ غالب ،100انڈیکس 152,907.96پوائنٹس پر بند
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو شدید مندی دیکھی گئی جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس 5 ہزار400سے زائد پوائنٹس گرگیا، یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ایران نے امریکا کی حمایت یافتہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔کاروبار کے ابتدائی سیشن میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 157,591 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔
بعدازاں فروخت کا دباؤ غالب آگیا جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس دن کی کم ترین سطح 152,668 پوائنٹس پر آگیا۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 5,405.48 پوائنٹس یا 3.41 فیصد کی کمی سے 152,907.96 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی دیکھی گئی۔ مجموعی طورپر 484 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 71کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،356میں کمی اور57کی قیمتیں مستحکم رہیں۔