ایران نے 15 نکاتی امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب بھجوا دیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے 15 نکاتی امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب بھجوا دیا ہے، ایران اب امریکا کے ردعمل کا انتظار کر رہا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران نے ثالث کاروں کے ذریعے گذشتہ رات تجاویز کا جواب بھجوایا۔
دوسری جانب ایران کے اعلیٰ عہدیدار نے برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ذریعے ملنے والی امریکی تجاویز کا جائزہ لیا، ایران کا ماننا ہے کہ امریکی تجاویز یکطرفہ اور غیرمنصفانہ ہیں۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی تجاویز صرف امریکا اور اسرائیلی مفاد میں ہیں، پاکستان کو موقف دیا تھا کہ امریکی تجاویز میں ضروری تقاضوں کی کمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹو کی ضرورت نہیں، ایران معاہدے کیلئے بھیک مانگ رہا ہے: ٹرمپ
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک مذاکرات کے لیے کوئی انتظام نہیں ہوا ہے، اس مرحلے پر بات چیت کا کوئی منصوبہ ابھی نظر نہیں آتا، پاکستان اور ترکیے امریکا اور ایران کے درمیان کامن گراؤنڈ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ سفارت کاری کا عمل رُکا نہیں، امریکا حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے تو راستہ نکالا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی کےلیے ایران کو 15 تجاویز دی گئی تھیں جنہیں ایران نے نامناسب قرار دیتے ہوئے ناصرف مسترد کردیا بلکہ جنگ بندی کےلیے اپنی پانچ شرائط رکھ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ بندی کا فیصلہ ایران کی شرائط پر ہوگا، تاحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے: ایران
واضح رہے کہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایران اور امریکا مذاکرات کل اسلام آباد میں متوقع ہیں، پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کرنے کی پیشکش کی تھی، جبکہ ترکیہ اور مصر بھی ثالثی کی کوششوں میں شامل ہیں۔