پٹرولیم قیمتیں برقرار رکھنے سے کاروباری طبقے کوریلیف ملا، فہیم سہگل
مشرق وسطیٰ جنگ سے دنیاکو غیر معمولی توانائی بحران کاسامنا ہے ، صدر لاہور چیمبر کئی ممالک میں ایندھن کمی سے غیر یقینی صورتحال، بیان، وزیراعظم کو خراجِ تحسین
لاہور (آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے عالمی دباؤ اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام اور کاروباری برادری دونوں کو نمایاں ریلیف ملا۔ اپنے بیان میں فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث دنیا اس وقت ایک غیر معمولی توانائی بحران کا سامنا کر رہی ہے جس نے عالمی توانائی منڈیوں کو شدید متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں ایندھن کی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور معاشی غیر یقینی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے ، ایسے حالات میں پاکستان کا عوام کو فوری قیمتوں کے اضافے سے بچانا ایک بروقت اور قابلِ تحسین فیصلہ ہے ۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 95 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز مسترد کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت مشکل حالات میں بھی عوامی مفاد اور معاشی سرگرمیوں کے تسلسل کو ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں صنعتی لاگت، ٹرانسپورٹ اخراجات، زرعی سرگرمیوں اور مجموعی مہنگائی پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں، اس لیے قیمتوں کو برقرار رکھنا مہنگائی کے مزید دباؤ کو روکنے میں مدد دے گا۔