نئے ڈیپ سی پورٹس، میری ٹائم منصوبے میں پیشرفت
4 نئی بندرگاہوں کی فزیبلٹی آخری مراحل میں، عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سو سالہ وژن کے تحت طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا رہی،جنید انور چوہدری
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں نئے ڈیپ سی پورٹس کے قیام اور پاکستان میری ٹائم انرجی سٹی کے منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔حکومت نے پاکستان کو علاقائی انرجی لاجسٹکس مرکز بنانے کیلئے ساحلی پٹی پر نئی بندرگاہوں کے قیام کی حکمت عملی کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ میری ٹائم انرجی سٹی میں تیل، ایل این جی اور ایل پی جی ذخیرہ کرنے کیلئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے پاکستان نہ صرف اپنی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کر سکے گا بلکہ خطے کیلئے ایک اہم انرجی ہب کے طور پر ابھرے گا۔ وزیر بحری امور کے مطابق علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے ٹرانس شپمنٹ کے شعبے میں اپنی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا ہے ، جس کے باعث بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ انرجی سٹی میں عالمی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ساحلی علاقوں میں 3 سے 4نئی بندرگاہوں کے قیام کی فیزیبلٹی رپورٹس آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ چھوٹے انرجی یونٹس بھی بڑی بندرگاہوں کی معاونت کیلئے قائم کیے جائیں گے تاکہ سپلائی چین کو مزید موثر بنایا جا سکے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے پر صوبائی حکومتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے تاکہ ایک جامع اور قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جاسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ بحری شعبے کی ترقی کیلئے سو سالہ وژن کے تحت طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی تجارتی اور توانائی راہداری کے طور پر مستحکم کرنا ہے ۔