لبنان میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر یوسف ہاشم اسرائیلی حملے میں شہید
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر یوسف ہاشم بیروت میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق حملے میں سات افراد جاں بحق ہوئے، تین گاڑیوں کو تین میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس سے زوردار دھماکہ ہوا، یوسف اسماعیل ہاشم لبنان میں حزب اللہ کے کمانڈر تھے۔
انہیں حزب اللہ کی مختلف صفوں میں 40 سال کا تجربہ تھا اور وہ خصوصی کمیٹیوں کے رکن تھے، یوسف ہاشم نے 2024ء میں علی کرکی کے اسرائیلی حملے میں مارے جانے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔
لبنانی سکیورٹی ذرائع اور حزب اللہ کے ایک ذرائع نے بتایا کہ یوسف اسماعیل ہاشم ایک زمانے میں عراق میں حزب اللہ کے عسکری امور کے انچارج تھے اور جب اسرائیلی حملہ ہوا تو وہ ایک خیمے کے اندر ایک میٹنگ میں موجود تھے۔
یوسف ہاشم حزب اللہ کے اعلیٰ ترین عہدے دار تھے جنہیں اس جنگ کے آغاز سے ہی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، حزب اللہ نے کہا کہ اس کے ایک اور رکن محمد باقر نابلسی بھی بیروت کے علاقے جناح پر حملے میں جاں بحق ہوگئے۔