لبنان کیساتھ مذاکرات کو مثبت انداز میں قبول کیا جائے، یورپ کا اسرائیل پر زور

پیرس: (دنیا نیوز) یورپ کے 15 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان کی جانب سے براہ راست مذاکرات کی پیشکش کو مثبت انداز میں قبول کرے۔

مشترکہ اعلامیے میں یورپی وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے امن مشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا لبنان میں تعینات امن دستے اپنے فرائض کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، امن دستوں پر ہونے والے تمام حملوں کی مذمت کی جاتی ہے جن کے نتیجے میں ناقابل قبول جانی نقصان ہوا، خاص طور پر انڈونیشی امن اہلکاروں کی ہلاکت کا واقعہ قابل افسوس ہے۔

اعلامیے کے مطابق تمام فریقین نومبر 2024ء میں ہونے والی جنگ بندی کا احترام کریں اور 2006ء کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جس میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ لبنان میں استحکام کیلئے اقدامات مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور سلامتی کیلئے نہایت اہم ہیں، اس لیے فوری طور پر کشیدگی میں کمی لانا ضروری ہے اور سفارتکاری کو ہی ترجیح دی جانی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں