50 سال بعد انسان کی چاند کی جانب واپسی، آرٹیمس 2 کے تحت 4 امریکی خلا باز روانہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے نصف صدی سے زائد عرصے بعد چاند کی جانب ایک تاریخی مشن روانہ کر دیا ہے۔

آرٹیمس 2 مشن کے تحت چار خلا بازوں پر مشتمل عملہ چاند کے گرد سفر کے لئے روانہ ہو چکا ہے، یہ مشن امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے فلوریڈا میں واقع کینیڈی سپیس سینٹر سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔

واضح رہے کہ آرٹیمس 2 مشن کو انسانی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہ، کیونکہ اس سے قبل آخری مرتبہ 1972ء میں اپالو مشن کے ذریعے انسان چاند تک پہنچا تھا، اس نئے مشن کا مقصد ناصرف خلا بازوں کو چاند کے مدار تک لے جانا ہے بلکہ مستقبل میں چاند پر انسانی قیام کی راہ بھی ہموار کرنا ہے۔

مشن میں شامل چاروں خلا باز چاند کے گرد چکر لگائیں گے اور مختلف سائنسی مشاہدات کریں گے، اس دوران جدید ٹیکنالوجی اور خلائی آلات کا بھی تجربہ کیا جائے گا، جو آنے والے آرٹیمس 3 مشن کے لیے بنیاد فراہم کریں گے، آرٹیمس 3 کے تحت انسان کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ناسا حکام کے مطابق یہ مشن ناصرف امریکا بلکہ پوری دنیا کے لئے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے خلائی تحقیق کے نئے دروازے کھلیں گے اور مستقبل میں مریخ سمیت دیگر سیاروں تک رسائی کے امکانات بھی بڑھیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آرٹیمس پروگرام انسانیت کے لئے ایک نئے خلائی دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے، جس کے ذریعے چاند کو ایک مستقل تحقیقاتی مرکز کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں