کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں تیزی دیکھی گئی

کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں تیزی دیکھی گئی

کوالٹی کاٹن 20ہزار، اوسط روئی ساڑھے 18ہزار روپے من میں فروخت

کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر تیزی کا عنصر غالب رہا کوالٹی کاٹن کا بھاؤ فی من 20000 روپے رہا جبکہ اوسط روئی بھاؤ فی من 18500 تھا 19500 روپے رہا جبکہ کپاس کی دیگر جنس کھل، بنولہ اور تیل کا بھاؤ بھی بہتر رہا۔ ملک میں دن بدن روئی کا اسٹاک کم ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث ضرورت مند ٹیکسٹائل ملز تیزی سے خریداری کر رہی ہیں۔ نئی فصل تقریباً مئی جون میں جزوی طور پر آنا شروع ہو سکے گی جس کی قیمت بھی نسبتاً زیادہ ہی ہوگی۔ فی الحال مشرق وسطی میں جنگ کی صورتحال کی وجہ سے درآمد شدہ روئی کی ڈلیوری میں بھی تاخیر ہو رہی ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ کی وجہ سے افغانستان سے درآمد ہونے والی تقریباً 8 لاکھ گانٹھوں کی درآمد بھی نہیں ہو سکی، پہلے ہی ملک میں روئی کی فصل زبوں حالی کا شکار ہے ، دوسری جانب کپاس پیدا کرنے والے علاقوں، زونز میں شوگر ملیں لگائی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے کپاس کی فصل مزید کم ہونے کا امکان ہے ، اس طرح ملک میں کپاس کی بحالی کے بجائے اس میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے ، کپاس کی بحالی کے کھوکھلے وعدے کیے جا رہے ہیں لیکن کئی سال سے ملک میں کپاس کی پیداوار مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے ، بیرون ممالک سے روئی اور خوردنی تیل کی درآمد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس میں قیمتی زرمبادلہ کا خرچ بڑھتا جا رہا ہے جس کا حکومت کو کوئی ادراک نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں