سٹاک ایکسچینج تیزی ،انڈیکس میں 4492 پوائنٹس اضافہ
پاکستان کی سفارتی میدان میں کامیابی ودیگرمثبت معاشی خبریں تیزی کی وجہ قرار
کراچی(بزنس رپورٹر)ایران کاآبنائے ہرمز کھولنا ، امریکا ایران کشیدگی کاختم ہونا،پاکستان کا سفارتی میدان میں کامیاب ہونا، ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کا بہتر ہونا ، سعودی عرب سے دو ڈالرز کی رقم کا اسٹیٹ بینک منتقل ہونا ، ملکی آئی ٹی برآمدات کا بڑھنا اور مقامی سطح پر
امن و امان کی بہتر صورتحال پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز بہتر سے اور بہتر کرگئی جس کے سبب 100 انڈیکس کی 1لاکھ 70ہزار، 1لاکھ 71ہزار، 1لاکھ 72ہزار اور1لاکھ 73ہزار پوائنٹس کی مزید چار سطح بحال ہوگئی۔زبردست تیزی کے سبب73فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 4کھرب 48ارب وپے کا اضافہ ہوا۔ کاروبار کے تمام دورانیے سرمایہ کاری کا پیمانہ بلندی کی جانب گامزن رہا جس سے ایک موقع پر 4492پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 74ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تاہم محدود پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4027پوائنٹس کے اضافے سے 173939 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1336.81 پوائنٹس کے اضافے سے 52809.97پوائنٹس،آل شیئرز انڈیکس 2426.33 پوائنٹس کے اضافے سے 103800.94پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 4699.35 پوائنٹس کے اضافے سے 250755.67پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم پیر کی نسبت 48.10فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز1ارب 44کروڑ 06لاکھ 29ہزار 858 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 486 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 354 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 101 میں کمی اور 31 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔