پاک چین پروٹوکولز پر دستخط اہم پیشرفت ،فرنیچر کونسل
خنجراب گرین چینل سے تجارتی سہولت اور سپلائی چین استحکام میں مدد ملے گی
لاہور(اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ سینیٹری اینڈ فائٹو سینیٹری اور ٹیکنیکل بیریئرز ٹو ٹریڈ پروٹوکولز پر دستخط پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے چینی منڈی تک موثر رسائی حاصل کرنے میں اہم پیش رفت ہیں۔اتوار کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خنجراب پر گرین چینل کے قیام اور چینی سرکاری اداروں و پاکستانی برآمد کنندگان کے درمیان طویل المدتی خریداری معاہدوں کی تجاویز تجارتی سہولت،لاجسٹک رکاوٹوں کے خاتمے اور سپلائی چین کے استحکام میں مددگار ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ترجیحی تجارتی رسائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کو صنعتی استعداد، پیداواری صلاحیت اور برآمدی مسابقت میں مزید بہتری لانا ہوگی۔میاں کاشف نے کہا کہ موثر حکمت عملی کے ذریعے پاک چین اقتصادی تعاون نہ صرف برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ نئی صنعتی اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا کریگا۔ انہوں نے مشرقِ وسطی کی صورتحال کے تناظر میں نئی برآمدی منڈیوں اور صنعتی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔