وزیراعظم سے محسن نقوی کی ملاقات، امن و امان اور انتخابات پر تبادلہ خیال

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جمہوری عمل کے فروغ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں