محمد بن سلمان اور میکرون کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ مشترکہ تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور برقرار رکھنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ بحری جہاز رانی کی آزادی اور سمندری راستوں کی سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔