ایرانی پارلیمان جلد آبنائے ہرمز سے متعلق قانون سازی کی منظوری دے گی

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمان جلد آبنائے ہرمز کے انتظام اور اختیار سے متعلق قانون سازی کی منظوری دے گی۔

ایرانی پارلیمان کے پریذائیڈنگ بورڈ کے رکن علی رضا سلیمی نے کہا ہے کہ پارلیمان میں جلد ایک ایسے بل پر ووٹنگ ہوگی جو آبنائے ہرمز کے انتظام میں ایران کے اختیار سے متعلق ہے۔

علی رضا سلیمی کے مطابق مجوزہ منصوبے کی تمام تفصیلات کو پارلیمان کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے علاقائی پانیوں کے درمیان واقع ہے اور اس آبی گزرگاہ سے متعلق فیصلے ایران کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کے بارے میں کسی دوسرے ملک کو فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر شخصیات کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے بیانات دیے جا رہے ہیں، تاہم اس معاملے کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔

علی رضا سلیمی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق فیصلے عارضی یا وقتی نہیں بلکہ حتمی اور مستقل نوعیت کے ہوں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں