نیتن یاہو کا لبنان میں فوجی کارروائیاں مزید وسیع کرنے کا اعلان
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان میں فوجی کارروائیوں کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کو اپنی موجودگی اور آپریشنز بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ بیوفورٹ قلعے پر قبضہ ایک "ڈرامائی قدم" اور اسرائیلی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مصر، غزہ اور لبنان سمیت مختلف محاذوں پر اقدامات کر رہا ہے اور اسرائیلی آبادی کے تحفظ کے لیے سرحدوں سے باہر سیکیورٹی زون قائم کیے جا رہے ہیں۔
نیتن یاہو کے مطابق اسرائیلی فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ لبنان میں اپنی موجودگی کو مزید گہرا اور وسیع کیا جائے، بالخصوص ان علاقوں میں جو ماضی میں حزب اللہ کے زیر اثر رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کا دعویٰ ہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک حزب اللہ کے 8 ہزار جنگجو مارے جا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 13 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں گزشتہ شب حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والا ایک اسرائیلی فوجی بھی شامل ہے۔