پنجاب کے تعلیمی اداروں میں یکم جون سے سمر کیمپس لگانے کی اجازت، مراسلہ جاری

لاہور:(دنیا نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں یکم جون سے سمر کیمپس لگانے کی اجازت دے دی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق سمر کیمپس یکم جون سے 30 جون تک جاری رہیں گے، سمر کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے 10 بجے تک لگائے جاسکیں گے جبکہ جمعہ کے روز سمر کیمپ بند رہیں گے۔

حکام کا اِس حوالے سے کہنا تھا کہ تمام کلاسز کے طلبہ سمر کیمپس میں شرکت کرسکیں گے تاہم شرکت لازمی نہیں ہوگی اور والدین کی اجازت ضروری قرار دی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نجی سکول سمر کیمپ کے نام پر اضافی فیس وصول نہیں کرسکیں گے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سرگرمیاں کلاس رومز اور ان ڈور ماحول میں کرائی جائیں جب کہ سکول انتظامیہ ٹھنڈے پانی، صفائی، پنکھوں اور بجلی کے بیک اپ کی فراہمی یقینی بنائے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ سمر کیمپس میں شریک طلبہ کیلئے یونیفارم لازمی نہیں ہوگی اور موسم کے مطابق لباس پہننے کی اجازت دی جائے گی، محکمہ سکول ایجوکیشن نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں