برآمدی شعبے کیلئے مراعاتی اسکیمیں لائی جائیں، ریاض احمد
برآمد کنندگان بڑھتی پیداواری لاگت کے باعث مشکلات کا شکار ہیں
اسلام آباد(اے پی پی)کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی، زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے برآمدات کو ترجیح بنایا جائے ۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد کا کہنا ہے کہ برآمد کنندگان بڑھتی پیداواری لاگت، ٹیکسوں اور عالمی مسابقت کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، برآمدی صنعتوں کیلئے بجلی و توانائی کے نرخ کم کیے جائیں، ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے اور برآمدی شعبے کے لیے مراعاتی سکیموں کا اعلان کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ برآمد کنندگان کی اکثریت نے رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں شیڈول عالمی نمائش کے تناظر میں برآمدی سودے ہونے کے پیش نظر بڑے پیمانے پر قالینوں کی تیاری کرا رکھی ہے ، اعلی حکام سے اپیل ہے کہ عالمی نمائش کی تیاریوں کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ عالمی خریداروں سے موثر رابطوں کا آغاز کیا جا سکے۔