نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کو ریال، درہم میں جاری کرنیکا فیصلہ

 نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کو ریال، درہم میں جاری کرنیکا فیصلہ

کم از کم سرمایہ کاری ایک ہزار یونٹس سے شروع ہوگی ،اسٹیٹ بینک سرکلر

کراچی(بزنس رپورٹر) اسٹیٹ بینک نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کو سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم میں بھی جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک نے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا جس کے تحت اوورسیز پاکستانی اب اپنی مقامی کرنسی میں بھی پاکستان کے سرکاری سرمایہ کاری پروگرام میں حصہ لے سکیں گے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اس سے قبل پاکستانی روپے ، امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں دستیاب تھے ، تاہم خلیجی ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کی سہولت کے پیش نظر اب سعودی ریال اور یو اے ای درہم کو بھی اس اسکیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ترسیلات زر میں اضافے کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری مزید آسان اور پرکشش بن جائے گی ۔سرکلر کے مطابق سعودی ریال، یو اے ای درہم، امریکی ڈالر اور یورو میں کم از کم سرمایہ کاری ایک ہزار یونٹس سے شروع ہوگی جبکہ سرمایہ کاری میں مزید اضافہ 500 یونٹس کے ضرب سے کیا جا سکے گا۔پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری کی کم از کم حد 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اس میں اضافہ ایک ہزار روپے کے ضرب سے ممکن ہوگا۔اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ سعودی ریال میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی نیشنل بینک اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مخصوص اکاؤنٹ نمبرز استعمال کیے جائیں گے جبکہ یو اے ای درہم میں سرمایہ کاری کے لیے فرسٹ ابو ظہبی بینک اور وہاں موجود اسٹیٹ بینک دفتر کے نامزد اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم جمع کروائی جا سکیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں