دعا گو ہیں جنگ کے خاتمے کی فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں: بلاول بھٹو

سکردو: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امن کوششیں کامیاب ہونا ضروری، دعا گو ہیں کہ جنگ کے خاتمے کی فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں، امن کی کوششیں کامیاب ہونے سے عام آدمی معاشی نقصان سے بچے گا۔

سکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ دنیا بھر کے عوام جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ جنگ کے خلاف ایک امن پسند جماعت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن میں ہمارے لیے سوگ کا بھی ماحول ہے، ایران میں سکول پر میزائل مار کر بچیوں کو شہید کیا گیا، ایران میں خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ان حالات میں پورے گلگت بلتستان میں الیکشن مہم نہیں چلا سکا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں آیا تھا اور گلگت بلتستان کی ہر تحصیل کا دورہ کیا تھا، ملک بھرمیں کوئی سیاستدان نہیں جس نے میری طرح دورے کیے، ہمارا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ ہمارا نسلوں کا ساتھ ہے اور یہ رہے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پسماندہ طبقے کی نمائندہ کرنے والی واحد سیاسی جماعت ہے، یہ کیسی معاشی پالیسی اور ترقی ہے کہ امیر امیر تر ہو، پیپلزپارٹی کا نظریہ ہے کہ ترقی تب ہوگی جب کسان، مزدور ترقی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ ملے نہ ملے گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا : نواز شریف

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ترقی تب ہوگی جب نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، بی آئی ایس پی اسلام آباد کا وہ واحد پروگرام ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی، بجٹ میں وزیراعظم بی آئی ایس پی میں اضافے کا اعلان کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم امہ میں صرف پاکستان ایٹمی قوت ہے، ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ایٹم بم کا تحفہ شہید ذوالفقار بھٹو نے دیا اور میزائل پروگرام شہید بینظیر بھٹو نے دیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کو فوجی طاقت بنانے میں پیپلزپارٹی کا ہاتھ ہے، مشرف دور میں دوسرے ممالک کیلئے بیسز بنیں، صدر آصف زرداری نے سلالہ واقعے کے بعد تمام بیسز بند کرا دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو اسلام آباد سے چلانا چاہتے ہیں، اسلام آباد کو ماننا پڑے گا گلگت بلتستان کے وسائل عوام کے ہیں، سب سے پہلا حق گلگت بلتستان کے عوام کا ہے، گلگت بلتستان کو حق ملکیت دلوائیں گے، گلگت بلتستان کو حق ملنے سے عوام مضبوط ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تھرپارکر میں اتنا کوئلہ ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے، تھرکول سے پورے پاکستان کو فائدہ ہو رہا ہے، تھر کے مقامی لوگوں کو ہم نے نوکریاں دے کر اونرشپ دی۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے اس بار ہماری کوئی سیٹ چوری نہیں ہوگی: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اٹھارہویں ترمیم کےتحت اختیار دلوائیں گے، گلگت بلتستان کو جب اونرشپ دی جائےگی تو معاشی ترقی ہوگی، باقی جماعتوں کی کوشش لوگوں کو بےروزگار کرنا ہوتی ہے، پیپلزپارٹی کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے لوگوں کو روزگار دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو روزگار دلوانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ امیر لوگوں کو مزید امیر بنانا چاہتے ہیں، ہم کہتے ہیں امیروں کو امیر بنانے کے بجائے غریبوں کو امیر بنائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے کچے گھر سارے تباہ ہوگئے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سڑکیں بنانے سے پہلے لوگوں کو گھر بنا کر دیئے، میں کسی اور صوبے کا نہیں عالمی سطح پر مقابلہ کرتا ہوں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم سندھ میں 20 لاکھ پکے گھر بنا رہے ہیں، پہلے یہ ریکارڈ نیپال کے پاس اب یہ ریکارڈ صوبہ سندھ کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان خود بجلی پیدا کرے گا اور اسلام آباد کو بیچے گا، ایک وزیر نے آکر بتایا 100 میگاواٹ بجلی میرے دائیں ہاتھ کا کام ہے، اگر دائیں ہاتھ کا کام تھا تو کیا کیوں نہیں، پروفیسر صاحب فکر نہ کر یں بجلی بنا کر آپ کو بھی دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں