ٹیسٹ میچز میں سرخ کی جگہ پنک گیند کے استعمال کی منظوری
احمد آباد: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے وقت کو کم کرنے کیلئے ایک اہم آزمائشی اقدام کی منظوری دیدی۔
نئے فیصلے کے تحت ایسے ٹیسٹ میچز میں جہاں خراب روشنی کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو، میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کی رضامندی سے سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی۔
یہ فیصلہ احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں منظور کیا گیا۔
گلابی گیند اب تک صرف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال ہوتی رہی ہے تاہم نئے تجربے کا مقصد فلڈ لائٹس میں کھیل جاری رکھنا اور خراب روشنی کے سبب ضائع ہونے والے اوورز کو کم کرنا ہے۔
آئی سی سی نے اس کے علاوہ ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ سٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں آ کر کھلاڑیوں سے مشاورت کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
مزید برآں، ٹی 20 انٹرنیشنل میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ لیگ سائیڈ وائیڈ گیندوں کے فیصلوں کیلئے گائیڈ لائنز کے استعمال کو مستقل قانون کا حصہ بنا دیا گیا ہے، مشکوک باؤلنگ ایکشن کی جانچ کیلئے امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔