مالی سال 2025-26 کے اختتام پر کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخوں کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) اسلام آباد نے مالی سال 2025-26 کے اختتام پر ادائیگیوں اور کلیمز جمع کرانے سے متعلق اہم ڈیڈ لائنز کا اعلان کر دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (ڈی ڈی اوز) کو حالیہ خریداریوں اور حاصل کردہ خدمات سے متعلق تمام کلیمز 12 جون 2026 تک جمع کرانے ہوں گے۔

اے جی پی آر کے مطابق پہلے سے جاری کردہ ٹوکنز کے حامل تمام غیر منظور شدہ دعووں اور بلوں کو دوبارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی مقرر کر دی گئی ہے۔ 12 جون 2026 تک جاری ہونے والے ٹوکنز پر غیر منظور شدہ بل 15 جون 2026 تک دوبارہ جمع کرائے جا سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اے جی پی آر اسلام آباد اور اس کے ذیلی دفاتر کے زیر انتظام اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے لیے ریلیز جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

اے جی پی آر نے واضح کیا ہے کہ 12 جون 2026 کے بعد اعزازیہ سے متعلق کوئی کلیم قبول نہیں کیا جائے گا، جبکہ آف سائیکل ادائیگیوں سے متعلق کمپیوٹر پر تبدیل شدہ اسٹیٹمنٹس صرف 11 جون تک وصول کی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق آف سائیکل ادائیگیوں سے متعلق کمپیوٹر پر تبدیل شدہ اسٹیٹمنٹس پر کارروائی عارضی طور پر 16 جون 2026 تک جاری رہے گی۔

اے جی پی آر نے تمام ڈی ڈی اوز کو ہدایت کی ہے کہ ادائیگیوں اور مالی لین دین میں تاخیر سے بچنے کے لیے متعلقہ کیسز مقررہ وقت کے اندر جمع کرائے جائیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال سے متعلق تنخواہوں کے چیکس مالی سال کے اختتام پر زائد المعیاد ہو جائیں گے اور 30 جون 2026 کے بعد موجودہ مالی سال کے کسی چیک کے بدلے متبادل چیک جاری نہیں کیا جائے گا۔

اے جی پی آر نے تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ ادائیگیوں اور کلیمز سے متعلق مقررہ ڈیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں